فٹنس کیمپ 18 نومبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا

25 نومبر تک جاری رہنے والے کیمپ میں شریک کھلاڑی 17 نومبر کواین سی اے میں رپورٹ کریں گے

جمعہ 15 نومبر 2019 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) 18 نومبر سے شروع ہونے والا فٹنس کیمپ 8 روز تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری رہے گا۔ کیمپ کی نگرانی ڈائریکٹر میڈیسن اینڈ اسپورٹس سائنسز پی سی بی ڈاکٹر سہیل سلیم کریں گے۔ 25 نومبر تک جاری رہنے والے کیمپ میں شریک کھلاڑی 17 نومبر کواین سی اے میں رپورٹ کریں گے۔کیمپ میں 3 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں محمد عامر، محمد عرفان اور عماد وسیم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت کے غرض سے بنگلہ دیش میں موجود محمد حسنین اور خوشدل شاہ کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔شعیب ملک، وہاب ریاض اور آصف علی کو بھی کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی دگئی ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ میں جاری مزانسی ٹی ٹونٹی لیگ کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔اس دوران شاداب خان (ناردرن)، فخر زمان (خیبرپختونخوا) اور عثمان قادر (سنٹرل پنجاب)قائداعظم ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ کے لیے اپنی اپنی ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔ تینوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے باعث کیمپ کے لیے طلب نہیں کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں