قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کاآٹھواں راوٴنڈ مکمل

فالو آن کا شکار سدرن پنجاب میچ ڈرا کرنے میں کامیاب، سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا

جمعرات 21 نومبر 2019 18:11

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کاآٹھواں راوٴنڈ مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2019ء) کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ فالو آن کا شکار سدرن پنجاب کی ٹیم نے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے خلاف4وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز کی برتری حاصل کی تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔میچ کے آخری روز خراب موسم کے باعث صرف 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔

اوپنر عمر صدیق اور ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو مشکلات کے بھنو ر سے نکالا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عمر صدیق 107 اور ذیشان اشرف 52 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کے آوٴٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اور عبدالرحمٰن مزمل کے درمیان 85 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم صہیب مقصود 52رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

عبدالرحمٰن مزمل 38 اور عدنان اکمل بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیاگیا۔ بعدازاں آفیشلز نے میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 271 رنزبنائے تھے۔ اس سے قبل ناردرن کے 463 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر آوٴٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی تھی۔


دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف9وکٹوں کے نقصان پر 406 رنز کی سبقت حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔میچ کے چوتھے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے کامران اکمل نے سنچری اور ظفر گوہر نے نصف سنچری اسکور کی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے 2وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عمر اکمل میچ کے آخری روز 122 اور سلمان بٹ 83 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ محمد سعد کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور آلراوٴنڈر ظفر گوہر کے درمیان 227 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کامران اکمل 166 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ 212 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 26 چوکے شامل تھے۔ظفر گوہر نے 13 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ احسان عادل 11 اور وقاص مقصود 2 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے کہ امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 9وکٹوں کے نقصان پر 499 رنزبنائے تھے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 399 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں