وویمنز کرکٹ سیریز‘ انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:42

وویمنز کرکٹ سیریز‘ انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وویمنز سیریز انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی‘ کنرارا اوول، کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 127 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے بیٹر نتالی سِوّر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 327 رنزبنائے۔ جواب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 200 رنز بناکرآئو ٹ ہوگئی‘انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی اوپنرز 67کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئیں‘ گذشتہ میچ میں سنچریاں اسکور کرنے والی ڈینی وائٹ اور ٹیمی بیمائوآنٹ دوسرے میچ میں بالترتیب 6 اور21 رنزبناکرآئوٹ ہوگئیں تاہم اس موقع پر کپتان ہیتھر نائٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نتالی سِوّر کے ہمراہ 84 رنز کی شراکت قائم کرکے مہمان ٹیم کومیچ میں واپس لے آئیں‘ ہیتھر نائٹ 86 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئیں،ایمی جونز کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد نتالی سِوّر اورفرین ولسن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا‘ دونوں بیٹرز نے 85گیندوں پر 146 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کرکے میچ میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی گرفت مضبوط کردی‘ نتالی سِوّر نی12 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 100رنز بنائے‘فرین ولسن 49 گیندوں پر8 چوکوں ا ور 3چھکوں کی بدولت 85 رنز کی دھواں دھاراننگز کھیل کر ناٹ آئوٹ رہیں۔

(جاری ہے)

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے 2وکٹیں حاصل کیں‘جواب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹرز اننگز میں طویل شراکت قائم کرنے میں ناکام رہیں‘ 328رنز کے تعاقب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب سدرہ امین 12 رنز بناکر آئوٹ ہوگئیں‘ دوسری وکٹ کے لیے ناہیدہ خان اور جویریہ خان کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی‘ ناہیدہ خان 40 اور جویریہ خان 26رنزبناکر آئوٹ ہوئیں‘ کپتان بسمہ معروف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اس دوران کریز کے دوسرے اینڈ پر کسی بیٹر نے ان کا ساتھ نہ دیا۔

بسمہ معروف نے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ64رنزبناکر آئوٹ ہوئیں‘ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے شرب سول، سارہ گلین، ہیتھر نائٹ اور صوفی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں‘میچ میں 86 رنز بنانے اور 2وکٹیں حاصل کرنے پر کپتان انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم ہیتھر نائٹ کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا‘دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 14دسمبرکوکنرارااکیڈمی اوول میں کھیلا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں