ویمنز سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ایک روزہ میچ بارش کی نذرہوگیا

کوالالمپور میں بارش کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگی

ہفتہ 14 دسمبر 2019 17:16

ویمنز سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ایک روزہ میچ بارش کی نذرہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 دسمبر2019ء) کوالالمپور میں بارش کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

کنرارا اوول میں کھیلے جانے والے آخری ایک روزہ میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنرز ناہیدہ خان اور جویریہ خان نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں بیٹرز کے درمیان 96 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ریکارڈ شراکت ہے۔ ناہیدہ خان نے 55 اور جویریہ خان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹتے ہی میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور محض 49 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئیں۔

(جاری ہے)

37.4اوورز کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے سارہ گلین نے 4 اور شرب سول نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

مسلسل بارش اور آوٴٹ فیلڈ گیلی رہنے کے باعث امپائرز نے میچ کو بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ ویمنز ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 17 دسمبر سے ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں