پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر

جمعرات 23 جنوری 2020 17:32

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ انڈر 14 بوائز میں ملک غاصف، انڈر 16 میں سعد عامر، انڈر 18 میں عمر جہانگیر جبکہ گرلز کی انڈر 16 کیٹگری میں سمعیہ طارق اور انڈر 18 میں امیمہ عثمان نے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں منعقد تین روزہ چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز فائنل میچز کا انعقاد ہوا۔

انڈر 14 سنگلز کے پہلے فائنل میں پنجاب کے ملک غاصف نے خیبر پی کے کے ایم حاشر کو 21-10 اور 21-8 سے شکست دیکر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ گرلز انڈر 16 میں آرمی کی سمعیہ طارق نے سندھ کی مسفیرا زاہد کو باآسانی 21-5 اور 21-5 سے شکست دی۔ بوائز انڈر 16 کے فائنل میں پنجاب کے سعد عامر نے پنجاب ہی کے رائے عبدالمنان کو دو ایک سیٹ سے مات دی۔

(جاری ہے)

پہلا سیٹ عبالمنان نے 21-18 سے اپنے نام کیا تو اگلے دونوں سیٹ میں سعد عامر نے 21-13 اور 21-15 سے کامیابی اپنے نام کر کے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

انڈر 18 گرلز کے فائنل میں سندھ کی امیمہ عثمان نے پنجاب کی حدیقہ کو 21-5 اور 21-6 کے سکور سے شکست دی۔ بوائز انڈر 18 کے فائنل میں خیبر پی کے کے عمر جہانگیر نے آرمی کے راجہ حسن کو 21-14 اور 21-16 سے مات دی۔ چیمپیئن شپ کے ڈبلز میں اسلام آباد کی انڈر 18 دینا شہزاد اور کنزالایمان پر مشتمل جوڑی نے پنجاب کی زینب چوہدری اور حدیقہ پر مشتمل جوڑی کو 21-19 اور 21-19 سے ہرایا۔

بوائز انڈر 18 کا ٹائٹل کے پی کے عمر جہانگیر اور ایم عزیر پر مشتمل جوڑی نے پنجاب کے رضا علی اور سعد عامر کے خلاف 21-15 اور 22-20 کے سکور سے کامیابی حاصل کر کے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافی کے ساتھ نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد علی چوہدری سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں