کبڈی ورلڈ کپ، سی سی پی او کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والوں کو شاباش

لاہور پولیس نے سکیورٹی کا جامع پلان تیار کیا، ڈی آئی جی آپریشنز کی نگرانی میں تمام فورس متحرک رہی ٴْاگلے مرحلے میں پی ایس ایل کی سکیورٹی کے لئے بھی تیاریاں جاری ہیں، ذوالفقار حمید کا پیغام

پیر 17 فروری 2020 20:23

کبڈی ورلڈ کپ، سی سی پی او کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والوں کو شاباش
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کبڈی ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ لاہور پولیس نے کبڈی ورلڈ کپ کی سکیورٹی کا جامع پلان تیار کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کی نگرانی میں تمام پولیس فورس متحرک رہی۔

لاہور میں ہونے والے تمام میچز کے دوران پولیس نے سپورٹس بورڈ اور دیگر محکموں کے ساتھ کوآرڈینیشن کی۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس نے پارکنگ اور ٹریفک کے عمدہ انتظامات کئے۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانا پڑے۔ سربراہ لاہور پولیس نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نفری اور وسائل کی کمی کے باوجود لاہور پولیس یکے بعد دیگرے بین الاقوامی کھیلوں کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ اگلے مرحلے میں پی ایس ایل کی سکیورٹی کے لئے بھی تیاریاں جاری ہیں۔ لاہور پولیس بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ کبڈی ورلڈ کپ کے دوران فیلڈ اور آفس دونوں مقامات پر ڈیوٹی کرنے والوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں