پاکستان سپر لیگ 2020میں بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منائے جائینگے

بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن 22فروری ، چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن 7مارچ کومنایا جائیگا

منگل 18 فروری 2020 15:24

پاکستان سپر لیگ 2020میں بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منائے جائینگے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں سرطان سے آگاہی کے دن منانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منائے جائیں گے۔ پی سی بی، انڈس ہسپتال کراچی اور پنک ربن پاکستان کے تعاون سے بالترتیب بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مہم کا اہتمام کررہا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران 22 فروری کو بچوں کے سرطان جبکہ 7 مارچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا جائے گا۔ اس دوران تمام فرنچائزز کے کھلاڑی، کمنٹیٹرز اور میچ آفیشلز اس مہم کا حصہ بنیں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کی جانب سے سرطان کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور اس ضمن میں بورڈ نے شاہد آفریدی فائونڈیشن اور برٹش ایشین ٹرسٹ سے شراکت داری قائم کر رکھی ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ گزشتہ سال دبئی میں بچوں کے سرطان اور کراچی میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن بہترین انداز میں منائے گئے، جہاں مداحوں کے علاوہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سمیت کمنٹیٹرز نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال یہ دن 22 فروری اور 7 مارچ کو منائے جارہے ہیں، امید ہے کہ مداح اور میڈیا ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے دوران اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن 22 فروری بروز ہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس روز ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اس روز گزشتہ ایڈیشن کی دونوں فائنلسٹ ٹیمیں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔ اسی طرح 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اس روز 7 بجے رات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔ بچوں کے سرطان سے آگاہی کے روز میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پر گولڈن ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔

اس روز کی مناسبت سے 22 فروری کو کراچی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گولڈن رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس روز دونوں وینیوز پر سرطان کے مرض میں مبتلا ایک ایک بچہ پوسٹ میچ تقریب میں شرکت کرے گا جہاں فاتح ٹیموں کے کپتان انہیں اپنی دستخط شدہ شرٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران دونوں وینیوز پرنصب بڑی اسکرینز پر بچوں کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن 7 مارچ بروز ہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس روز لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔اس روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اس روز برقی قمقموں کی روشنی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پرپنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس روز کی مناسبت سے 7مارچ کو راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گلابی رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس روز میچ کے دوران دونوں وینیوز پر نصب بڑی اسکرینز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں