سپورٹس ڈیسک

پی ایس ایل فائیو، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے ہرا دیا، اسلام آباد کی دوسری کامیابی، لاہور کو متواتر دوسری شکست فاتح ٹیم نے 183 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں پر حاصل کیا، شاداب خان کی شاندار ففٹی، حفیظ کی 98 رنز کی اننگز رائیگاں، شاداب خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پیر 24 فروری 2020 00:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا، اسلام آباد نے دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ لاہور کو متواتر دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 183 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمد حفیظ کی 98 رنز کی عمدہ اننگز رائیگاں گئی، اسلام آباد ٹیم کے کپتان شاداب خان نے شاندار ففٹی بنائی اور 2 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

اتوار کو پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لاہور نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، محمد حفیظ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 57 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے، فخر زمان 33، کرس لین 11، کپتان سہیل اختر 1، ڈین ویلاس 3، پٹیل 10 اور ڈیوڈ ویسی 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2، 2 محمد موسیٰ اور احمد سیمی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، اسلام آباد کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 5 کے سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے دونوں اوپنرز لیوک رونکی اور کولن منرو کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں، رونکی 1 اور منرو 2 رنز بنا سکے، اس موقع پر کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ میلان کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور سکور 62 تک پہنچا دیا، یہاں پر ویسی نے میلان کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 22 رنز بنا سکے، شاداب خان نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کی اور ففٹی سکور بنا کر سکور 91 تک پہنچا دیا، یہاں پر حارث رئوف نے شاداب کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 52 رنز بنائے، کولن منرو نے جارحانہ انداز اپنایا اور 30 رنز بنا کر سکور 114 تک پہنچا دیا، انہیں پٹیل نے اپنا شکار بنایا، آصف علی 18 اور حسین طلعت 5 رنز بنا سکے، فہیم اشرف 11 رنز بنا سکے، عماد بٹ 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 163 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد محمد موسیٰ نے احمد سفی کے ساتھ مل کر 20 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، موسیٰ 17 اور احمد 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین شاہ آفریدی نے 4 حارث نے 2 جبکہ محمد حفیظ، ڈیوڈ ویسی اور پٹیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں