ندا ڈار کل اپنا 100واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی

جمعہ 28 فروری 2020 20:43

ندا ڈار کل اپنا 100واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل آلراؤنڈر ندا ڈار 28 فروری بروز جمعہ کو اپنا 100 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی۔ ندا ڈار کو یہ اعزاز عالمی کپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں شیڈول میچ میں حاصل ہوگا۔تینتیس سالہ تجربہ کار کھلاڑی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والی تیسری کرکٹر ہیں۔

انہوں نے تاحال پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ وہ اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 17.76 کی اوسط سے 94 وکٹیں اور 95.83 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1104 رنز بنا کی ہیں۔ندا ڈار کے علاوہ کپتان بسمہ معروف اور ثناء میر کوپاکستان کی جانب سی100 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

بسمہ معروف تاحال 107 اور ثناء میر 106 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔

ندا ڈار نے کہا کہ 100ویں ٹی ٹونٹی میچ کے لیے میدان میں اترنا ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور وہ اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس میچ کو یادگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔آلراؤنڈر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ تیزی سے فروغ پارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سمیت اب تک صرف 3 پاکستانی کھلاڑی یہ اعزاز حاصل کرسکیں مگر جس تیزی سے پاکستان میں ویمنز کرکٹ کو پذیرائی مل رہی ہے، انہیں یقین ہے کہ آنے والی کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد یہ ہندسہ جلد عبور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔تجربہ کرکٹرز نے کہا کہ وہ اس یادگار موقع پر اپنے کوچز کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اس کیرئیر میں ان کا ساتھ نبھانے پر اپنے اہل خانہ اور دوستوں کی مشکور ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں