مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے اپنا منافقانہ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے، عدنان ارشد اولکھ

جمعرات 6 اگست 2020 17:28

مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے اپنا منافقانہ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے، عدنان ارشد اولکھ
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام آزادی کے لئے جنگ لڑ کر تاریخ رقم کررہے ہیں، پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت ظالمانہ اور غاصبانہ اقدامات سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کو نہیں روک سکتا، مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے اپنا منافقانہ چہرہ دنیا کو دکھا دیا ہے، یہ اقدام کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے مترادف ہے جس کے خلاف پاکستانی قوم نے کشمیری بھائیوں سے کندھے سے کندھا ملا کر یوم استحصال بھرپور انداز میں منایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے یوم استحصال کشمیر ریلی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی نمائندگی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹر سعید اجمل، کبڈی کے بین الاقوامی کھلاڑی شفیق چشتی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان ودیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی، شرکاء نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا کہ بھارت نے کشمیری بھائیوں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں مگر بھارت کی ظالمانہ روش کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکی، گزشتہ سال 5اگست کو بھارت نے غیرآئینی اور غیرقانونی اقدام کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا، اس ظالمانہ اقدام کو ایک سال ہوگیا ہے جس کیخلاف وزیراعظم عمران خان نے یوم استحصال کشمیر منانے کا اعلان کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی اس میں بھرپور حصہ لیا ہے، قومی کھلاڑی بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے ریلی میں شریک ہوئے ہیں، پاکستان کا ہرفرد کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، کشمیری عوام جس جذبے سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اس سے بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ وہ کشمیر پر اپنا قبضہ زیادہ عرصہ تک برقرار نہیں رکھ سکے گا اور بالآخر کشمیر آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں