سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی ٹرافی پر نظریں جمالیں

ٹورنامنٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

پیر 28 ستمبر 2020 22:14

سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی ٹرافی پر نظریں جمالیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2020ء) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کاپہلا مرحلہ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہوگاجبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔دیگرچار ٹیموں کی طرح سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے بھی ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی پر نظریں جمارکھی ہیں۔تجربہ کار اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں پر مشتمل خیبرپختونخوا کی ٹیم فینز کیساتھ ساتھ کئی سابق کرکٹرز کی بھی فیورٹ ہے۔

محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی اس ٹیم میں شعیب ملک، محمد حفیظ اوروہاب ریاض جیسے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ کرکٹرز موجود ہیں۔ان تینوں کرکٹرز کے پاس مجموعی طور پر 932 ٹی ٹونٹی میچوں کا تجربہ ہے۔خیبر پختونخوا کی ٹیم اپنی اننگز کا آغاز بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان جیسے اوپنرز سے کرے گی۔

(جاری ہے)

مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ کپتان محمد رضوان، شعیب ملک اور افتخار احمد ان ایکشن ہوں گے۔

خیبر پختونخواکی باؤلنگ کا انحصار فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور جنید خان سمیت پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کے تیز رفتار اسپیلز پر ہوگا۔حال میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان نے گزشتہ برس نیشل ٹی ٹونٹی کپ کی چھ اننگز میں 43 کی اوسط سے 215 رنز بنائے تھے۔اُبھرتے ہوئے اسٹار شاہین شاہ آفریدی بھی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں باؤلنگ کرتے نظر آئیں گے، انہوں نے حال ہی میں وائٹلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والیفاسٹ باؤلر ارشد اقبال کو بھی عبدالرزاق کی ہیڈ کوچنگ میں سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔اسپن باؤلنگ اٹیک میں خیبرپختونخوا کو لیگ اسپنر محمد محسن اور لیفٹ آرم اسپنر زوہیب خان کی خدمات حاصل ہیں۔انڈر19 کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث بھی ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنیکا موقع ملے گا۔

شان مسعود کی قیادت میں سدرن پنجاب کی ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ یہاں اننگز کے آغاز میں شان مسعود کا ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں ان کے ساتھی وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف دیں گے۔ گزشتہ سال ذیشان اشرف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون کے ٹاپ اسکورر تھے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں وائلڈ کارڈ کیٹیگری کے ذریعے پک کیا گیا تھا۔

سدرن پنجاب کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں حسین طلعت، خوشدل شاہ اور صہیب مقصود جیسے ہارڈ ہٹر بیٹسمین موجود ہیں۔ خصوصاًً خوشدل شاہ اور صہیب مقصود کی وجہ شہرت ان کی چھکے جڑنے کی صلاحیت ہے۔ سدرن پنجاب کو آلراؤنڈر عامر یامین اور بلاول بھٹی کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر راحت علی اوردراز قد محمد عرفان کی خدمات حاصل ہوں گی۔پاکستان کے تجربہ کارفاسٹ باؤلرمحمد عباس اور نوجوان کرکٹر محمد الیاس بھی سدرن پنجاب کی شرٹ زیب تن کیے میدان میں اتریں گے۔ اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نوجوان عمر خان اور لیگ اسپنر زاہد محمود بھی میدان میں کپتان شان مسعود کی کال کا انتظار کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں