پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کردی

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ میچزماؤنٹ مانگنوئی اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز آکلینڈ، ہملٹن اور نیپئر میں کھیلے جائیں گے،پاکستان شاہینز کے دورہ نیوزی لینڈ کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی

منگل 29 ستمبر 2020 13:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں شامل سیریز کے دو ٹیسٹ میچزماؤنٹ مانگنوئی اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ میں مدمقابل آئیں گی، جہاں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے شروع ہوگا۔

فی الحال آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ اس وقت دونوں ٹیموں کے درمیان 14 پوائنٹس کا فرق ہے،کوئی بھی ٹیم اس سیریز میں زیادہ سے زیادہ 120 پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت (360پوائنٹس) پہلی، آسٹریلیا (296پوائنٹس) دوسری اور انگلینڈ (292پوائنٹس)تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں شامل ان 2 ٹیسٹ میچوں سے قبل دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹونٹی میچوں میں مدمقابل آئیں گی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبرکو ہملٹن اور تیسرا 22 دسمبر کونیپئر میں کھیلا جائے گا۔ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 پوائنٹس کا فرق ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم عالمی رینکنگ میں چوتھے اور نیوزی لینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔اس درجہ بندی میں آسٹریلیا (275)پہلے، انگلینڈ (271) دوسرے اور بھارت تیسرے نمبرپر براجمان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں