پی سی بی نے مالی ڈھانچے کی تشکیل کے خلاف پی ایس ایل فرنچائزرز کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں تحریری جواب جمع کروا دیا

بدھ 30 ستمبر 2020 13:57

پی سی بی نے مالی ڈھانچے کی تشکیل کے خلاف پی ایس ایل فرنچائزرز کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں تحریری جواب جمع کروا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان سپر لیگ کے فرنچائزرز کی جانب سے مالی ڈھانچے کی تشکیل کے حوالے سے پی سی بی کے خلاف دائر درخواست پر بورڈ نے تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار فرنچائزرز کے وکیل سلمان اکرم راجہ کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی مزید سماعت (آج) جمعرات تک ملتوی کر دی اور فریقین کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

عدالت نے تاحکم ثانی فانچائزرز مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم جاری کر رکھا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پی ایس ایل فرنچائزرز کی درخواست پر سماعت کی جس میں پی ایس ایل کیلئے مالی ڈھانچے کی تشکیل کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ پی سی بی کے اس اقدام سے فرنچائزرز کو مالی نقصان ہو گا۔

(جاری ہے)

فرنچائز مالکان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پی سی بی پی ایس ایل کا ناصرف آرگنائزر ہے بلکہ برابری کی بنیاد پر شفاف طریقہ سے کام کرنے کا پابند بھی ہے لہذا پی سی بی کے یکطرفہ فیصلوں سے پی ایس ایل کا چھٹا سیزن منسوخ ہو سکتا ہے۔ درخواست گزار فرنچائزرز مالکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ پی سی بی کا یہ اقدام کرکٹ کے فروغ اور عوام کی تفریح میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی سی بی فرنچائزرز کا موقف سن کر ان کے تحفظات دور کرے اور کرکٹ بورڈکو حکم دیا جائے کہ پی ایس ایل کے اس مالی ڈھانچے پر نظر ثانی کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں