ٹی 10 لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یواے ای کے ویزے جاری نہ ہوسکے

جمعرات 21 جنوری 2021 18:04

ٹی 10 لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یواے ای کے ویزے جاری نہ ہوسکے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) ٹی10 لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تاحال یواے ای کے ویزے جاری نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای میں منعقدہ ٹی 10 لیگ کے منتطمین کی طرف سے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کے لیے یواے ای میں داخلیکا خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا جارہا ہے اور جلد ان کی روانگی کا پروانہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستانیوں کو فی الحال یواے ای کے ویزے بند ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹس تیار کرنے کے بعد قومی کرکٹرز اور آفیشلز کو سامان پیک رکھنے اور روانگی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین لیگ کا معاہدہ رکھنے والے کرکٹرز کو پاکستان کپ سے ریلیز کردیا۔

(جاری ہے)

28 جنوری سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی لیگ کیلیے پاکستان کے آصف علی،اعظم خان، شرجیل خان، محمد حفیظ،محمدعرفان، معاذ خان،شعیب ملک، سہیل اختر اور محمد عامر کا مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ ہواہے۔

سابق کپتان شعیب ملک اور پیسر محمد عامر اس وقت دبئی میں موجود ہیں۔ شعیب ملک کے پاس یواے ای میں قیام کا پہلے سے ہی اجازت نامہ موجود ہے، فاسٹ بولر محمد عامر کی سری لنکا موجودگی کے دوران ہی پابندی لگنے سے پہلے ان کی ٹیم نے ویزہ جاری کروالیا تھا اور وہ ابو ظہبی پہنچ چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں