ڈی جی سپورٹس پنجاب کا ہاکی کی بحالی کیلئے بڑا اعلان، انڈر16،18اور 21انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

انڈر 16انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چیمپئن شپ اگست، انڈر18دسمبراور انڈر 21مارچ2022ء میں کرائی جائیں گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن تعاون کرے گی

منگل 22 جون 2021 00:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہاکی کی بحالی اورفروغ کے لئے بڑا اعلان کیا ہے، نیاٹیلنٹ تلاش کرنے اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے انڈر16،انڈر18اور انڈر 21انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی زیرصدارت پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، اولمپیئن انجم سعید، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد عبدالحفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ شریک تھے، اجلاس میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے ہمیشہ اقدامات کرتا رہا ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کی بحالی کیلئے ہر حد تک جائیں گے اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، اس سلسلہ میں مختلف کیٹیگریز کی انٹر ڈویژن ہاکی چیمپیئن شپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اگست میں انڈر16، 25 دسمبر سے انڈر 18 اور 23 مارچ 2022ء کو انڈر 21 انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چیمپئن شپ کرائی جائیں گی، ان چیمپئن شپس کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنا یاجا رہا ہے اور ہرسال باقاعدگی سے کرایا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہاکہ اگست میں ہونے والی انڈر16بوائز ہاکی چیمپئن شپ کے لئے ہر ضلع کے ہاکی کے کلبوں کے مقابلے کرائیں گے اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا جائیگا، مقابلوں میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تصدیق شدہ کلب حصہ لے سکیں گے، 20 جولائی تک ہر ڈسٹرکٹ پر ڈویژن کی ٹیمیں باقاعدہ مقابلے کراکر بنائی جائیں گی، منتخب ٹیموں کا کیمپ ہر ڈویژن میں ایک ہفتے کیلئے لگایا جائیگا، پاکستان ہاکی فیڈریشن چیمپن شپ کے انعقاد میں تعاون کریگی،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے،نوجوانوں کو تربیت دے کر قومی سطح کے کھلاڑی تیار کریں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنا ن ارشد اولکھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ان کی قیادت میں ہاکی کی بحالی کے لئے بہترین اقدامات کررہا ہے جس سے ہاکی کے کھیل کو ایک بار پھر مقبول بنانے میں مدد ملے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن سپورٹس بورڈ پنجاب سے مکمل تعاون کرے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کیلئے بھرپوراقدامات کررہاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں