بھارتی دھمکیوں کے سبب غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے

سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان کا دھمکیوں کے باوجود لیگ کھیلنے کا اعلان

ہفتہ 31 جولائی 2021 12:59

بھارتی دھمکیوں کے سبب غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کے سبب غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں ،سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان نے اس کے باوجود لیگ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے بعد غیرملکی کھلاڑی لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں حالانکہ اس سے قبل انہوں نے بلامشروط لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کرکٹرز کو دھمکی دی کہ لیگ میں شرکت کی صورت میں ان پر انڈین پریمیئر لیگ اور بھارت میں کرکٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے اور اب لیگ کا انعقاد پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتی بروڈ ی دھمکیوں کے باوجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تلکارتنے دلشان نے کشمیر پریمئر لیگ کھیلنے اور مظفرآباد ٹائیگرز کی نمائندگی کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ تلکارتنے دلشان سے بات ہوئی ہے، وہ لیگ میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں اور ہم ان کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے سابق سری لنکن کپتان کو پاکستان اور کشمیری عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ باقی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی دلشان کی پیروی کرنی چاہیے۔

ادھر کشمیر پریمئرلیگ کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق ٹی وی پر خبروں کے ذریعے سے علم ہوا اور خبر کی تصدیق بھی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ تلکارتنے دلشان نے اب بھی کھیلنے میں دلچسپی ظاہرکی ہے جس کی خوشی ہے اور کھلاڑیوں کو بھارتی دھمکیوں کے حوالے سے وزارت خارجہ سے بات کررہے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ غیرملکی کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلنے آئیں۔

عارف ملک نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے متعلق بھارتی میڈیا پر منفی خبریں چلائی جارہی تھیں، ہم نے پہلے دن سے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے لیکن شاید لیگ میں شریک 5 کشمیری کھلاڑی ان کے لیے مسئلہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری کھلاڑی انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر نہ کریں البتہ ہم کشمیرپریمیئر لیگ کے ذریعے پرامن کشمیر دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔پریمیئر لیگ کے صدر نے کہا کہ لیگ کے میچز شیدول کے مطابق منعقد کرائے جائیں گے اور ہم مزید جوش و جذبے کے ساتھ کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد کریں گے۔لیگ 16 سی27 مئی تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلی جائیگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں