لاہور قلندرز کو فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے، محمد حفیظ

لاہور میں تیاری اچھی رہی ہے ، پریکٹس سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملا ہے اب کراچی کے مرحلے پر فوکس ہے ، پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہو گا، گفتگو

منگل 18 جنوری 2022 14:15

لاہور قلندرز کو فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے، محمد حفیظ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے کہاہے کہ لاہور قلندرز کو فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔لاہور قلندرز کے پری کیمپ کے اختتام کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ نے کہا کہ لاہور قلندرز کی بولنگ کوالٹی ہے ، بہترین فاسٹ بولرز لاہور قلندرز کے پاس ہیں ، دنیا کے بہترین اسپنر راشد خان بھی لاہور قلندرز میں شامل ہیں بیٹنگ لائن اپ بھی تجربہ کار ہے تاہم ہمیں فیلڈنگ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہے ، فیلڈنگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑی اہم ہوتی ہے ، فیلڈنگ اچھی ہو تو میچز جیتنے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں ، اس لیے کوشش ہو گی کہ کراچی میں جتنا بھی وقت ملے گا اس شعبے کو بھی فوکس کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے کہا کہ لاہور میں تیاری اچھی رہی ہے ، پریکٹس سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملا ہے اب کراچی کے مرحلے پر فوکس ہے ، پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہو گا۔

حفیظ نے کہا کہ کوویڈ 19 کے کیسز سامنے آ رہے ہیں تاہم اب سب انہی حالات میں رہ رہے ہیں ، امید ہے کہ اس حوالے سے اچھا کام کیا جائے گا پی ایس ایل کا ایک ہی وقت میں تسلسل کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے ، اس میں کوویڈ کی وجہ سے وقفہ نہیں آنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ شاہین شاہ آفریدی ابھی لاہور قلندرز کے کپتان بنے ہیں ، انہوں نے اپنی پرفارمنس سے سب کے دل جیتے ہیں ،اب کپتانی بھی اچھی کریں گے تاہم ان کے بارے میں دور کا نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ پاکستان ٹیم کے کپتان کے طور پر کیسے رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں