بھارتی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو مالی تعاون کی پیشکش ذاتی مفاد میں کی تھی ، رپورٹ

جمعرات 14 مئی 2015 14:18

بھارتی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو مالی تعاون کی پیشکش ذاتی مفاد میں کی تھی ، رپورٹ

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14مئی۔2015ء) پاکستان ہاکی مشکلات کا شکار ضرور ہے لیکن آج بھی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور پاکستان بھارت مقابلوں کا سحر شائقین ہاکی پر طاری ہے، جذبات و احساسات سے بھرے دونوں ملکوں کے میچز آج بھی براڈ کاسٹرز کے لئے کشش کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں اور یہی کشش ہاکی انڈیا کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی تعاون کا ذریعہ اور وجہ بنی ہے ، مصدقہ ذرائع کے مطابق ہاکی انڈیا کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی تعاون کی پیشکش ا ن کے اپنے مفادات کے پیش نظر تھی ۔

بھارت ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو مالی امداد کی پیشکش ایک بڑے سپورٹس چینل کے کہنے پر کی تھی ۔ اس سپورٹس چینل کے پاس ہاکی انڈیا اور دیگر بڑے ہاکی ایونٹس کے نشریاتی حقوق بھی ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

چینل کے ٹاپ آفیشلز نے ہاکی انڈیا کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی تعاون کی پیشکش کرے اور انہیں جتنے فنڈز اور پیسوں کی ضرورت ہوگی سپورٹس چینل تمام اخراجات برداشت کرے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ان دنوں شدید مالی مسائل کا سامنا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم نے آئندہ ماہ اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کھیلنے کے لئے بیلجئیم جانا ہے لیکن پی ایچ ایف کے پاس وسائل نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کو مناسب ٹریننگ اور میچ پریکٹس نہیں مل رہی ۔ دنیا بھر میں براڈ کاسٹرز ہر بڑے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچز کو مالی فائدے اور شائقین کی توجہ کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

اسی مالی فائدے کے پیش نظر بھارت کی ہاکی فیڈریشن نے سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی تعاون کی پیشکش کی تھی۔ ذرائع کے مطابق دوسری طرف حکومت پاکستان اس معاملے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کو قصور وار سمجھتی ہے حکومتی سطح پر یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایما پر ہاکی انڈیا کے سیکرٹری محمد مشتاق احمد نے پی ایچ ایف کو مالی تعاون کی پیشکش کی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں