محمد عامر کو ٹیم میں دوبارہ شامل کر نا خوش آئند ہے ‘ شاہد آفریدی

ہفتہ 2 جنوری 2016 12:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہاہے کہ سلیکشن بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا اور محمد عامر کو ٹیم میں دوبارہ شامل کرنا خوش آئند ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہاکہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے تشکیل دی گئی موجودہ ٹیم بہترین سلیکشن ہے اور خصوصاً محمد عامر کو قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ دیکھ کربے انتہا خوشی ہوئی جب کہ محمد عامر نے انگلینڈ میں ہی اسپاٹ فکسنگ سے متعلق سچ سچ بتا دیا تھا اورانہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا ‘ عامر نے کبھی میڈیا پر آکر ٹیم کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جیسا کے دیگر کھلاڑیوں نے کیا،عامر کی بھرپور حمایت کروں گا اور توقع ہے کہ وہ بھرپورعزم اور لگن سے قومی ٹیم کے لئے اپنی خدمات پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے مطابق قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی اور اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کے محمد عامر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے موٴقف کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں کیونکہ اسپاٹ فکسنگ کے باعث قومی ٹیم کو نقصان کے ساتھ پاکستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، محمد آصف اورسلمان بٹ 3 سال تک جھوٹ بولتے رہے تاہم ان کے برعکس محمد عامر نے عدالتوں میں بھی سچ کہا اور قوم کے سامنے بھی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سچ باتی کہی مگر اب ہمیں مستقبل کی جانب دیکھنا ہے اورعامر سے بھی اچھی کارکردگی کی امید رکھنی چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں