پی سی بی نے 26قومی کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا ،عبدالرؤف حیران کن طور پر ڈراپ کردئیے گئے

منگل 6 جنوری 2009 19:40

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین06جنوری2009 ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سال کیلئے 26قومی کرکٹرز کو سٹنرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا۔گزشتہ سال عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے عبدالرؤف کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ واجبی سی کارکردگی کے مالک سمیع اللہ نیازی کو نوازا گیا ہے جبکہ اے کیٹگری میں سینارٹی کی بنیادپر مزید چار کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے۔

نمائندہ اُردوپوائنٹ اعجاز وسیم باکھری کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف نے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا۔سلیم الطاف نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب کوچ انتخاب عالم ،ٹیم منیجر یاور سعید اور چیف سلیکٹرعبدالقادر کے ساتھ ساتھ میری مشاورت سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سینارٹی کی بنیاد پر اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں میں شعیب اختر ،شعیب ملک ،مصباح الحق ،عمرگل ،یونس خان ،دانش کنیریا ،شاہدآفریدی ،سلمان بٹ اور کامران اکمل شامل ہیں۔مصباح الحق ، سلمان بٹ ،کامران اکمل اور سلمان بٹ کو پہلی بار اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے ۔بی کیٹگری میں سہیل تنویر ،فیصل اقبال ،یاسر حمید اور طویل عرصے سے قومی ٹیم سے ڈراپ رہنے والے محمد حفیظ کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔

سی کیٹگری میں راؤ افتخار ، عبدالرحمن، یاسر عرفات ، فواد عالم ، خرم منظور ، سعید اجمل ، سہیل خان ، وہاب ریاض ، سرفراز احمد ،ناصر جمشید ،عمرامین ،اظہرعلی اور حیران کن طور پر ان فٹ رہنے والے آؤٹ آف فارم سمیع اللہ نیازی کو منتخب کیا گیا ہے ۔پریس کانفرنس کے دوران سلیم الطاف نے بتایا کہ عبدالرؤف کے بارے میں مشاورت کمیٹی نے گفت و شنید کی تھی تاہم پہلے ہی سے موجود زیادہ باؤلرز کی موجودگی کے باعث انہیں سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا البتہ چیف سلیکٹرکویہ مکمل اختیار ہے کہ وہ عمدہ کھیل پیش کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم کیلئے منتخب کرسکتے ہیں ۔

سلیم الطاف نے بتایا کہ تمام کھلاڑیوں کی کنٹریکٹ کے مدت یکم جنوری سے شروع ہوچکی ہے اور اگلے چندروز میں کرکٹرز کو دستخط کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کی کاپیاں ارسال کردی جائینگی ۔مراعات کے حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ کسی بھی کھلاڑی یا کیٹگری میں مراعات کم نہیں کی گئی ۔ایک سوال کے جواب میں سلیم الطاف نے بتایا کہ نئے کپتان کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم بہت کپتان کے متعلق فیصلہ کرلیا جائیگا۔

سلیم الطاف نے بتایا کہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں جمعہ کے روز تک حتمی فیصلہ اور شیڈول آجائیگا اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور ان کی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم اپریل میں پاکستان ایک روزہ میچز کھیلنے کیلئے آئے گی جبکہ ٹیسٹ سیریز کیلئے کرکٹ آسٹریلیا نے ستمبر کے اوائل میں پاکستان آنے کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں