سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کا اہم ترین اور ہنگامہ خیز اجلاس کل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا،اجلاس میں آصف سہیل اور دیگر عہدیداروں کی تقرری اور مستقل اور عارضی ملازمین کی فراغت‘چھ ماہ کے اکاؤنٹس کی تفصیل ‘ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تفصیل اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائے گا

پیر 12 جنوری 2009 15:38

لاہور(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بغیر اخبار میں اشتہار اور میرٹ کے خلاف بھرتی ہونے والے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افیسر سلیم الطاف،ڈائریکٹر جنرل جاوید میاداد،ڈائریکٹر ایچ آر وسیم باری میڈیا ڈائریکٹر کے فرائض سر انجام دینے والے پی سی بی کے چیئرمین کے سپیشل اسسٹنٹ آصف سہیل اور دیگر عہدیداروں کی تقرری اور پی سی بی کے غریب مستقل اور عارضی ملازمین کی فراغت،چھ ماہ کے اکاؤنٹس کی تفصیل ،ڈویلپمنٹ پرجیکٹ کی تفصیل اور دیگر معاملات کی چھان بین کے لئے سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کا اہم ترین اور ہنگامہ خیز اجلاس (کل )منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ظفر اقبال چوہدری کی زیر صدارت صبح گیارہ بجے شروع ہو گا جس میں پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کو طلب کیا گیا ہے اجلاس جو کہ پہلے چھ جنوری کو ہوناتھا لیکن محرم الحرام کی وجہ سے اسے چھ جنوری کی بجائے 13 جنوری کو کر دیا گیا تھا سینٹ کے اراکین نے پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ سے اب تک پی سی بی میں کئے گئے اقدامات کا تنقیدی جائزہ لینے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ نے سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے اراکین کے سوالوں کے جواب تیار کرنے کے لئے چھٹی کے روز بھی پی سی بی کے عملہ اور عہدیداروں کو بلا کر ریکارڈ اکھٹا کرنا شروع کیا ہوا ہے پی سی بی کے حکام سینٹ میں اعجاز بٹ کی طلبی سے کافی پریشان نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ وفاقی سپورٹس منسٹر آفتاب جیلانی کے تندو تیز بیانات نے بھی ان کے لئے کافی مسائل پیدا کئے ہوئے ہیں وفاقی سپورٹس منسٹر بھی سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے جن سے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے پی سی بی کے زرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ سینٹ کے اراکین کے سوالوں کے اطمینان بخش جوابات دینے کے لئے اپنی تیاری مکمل کر چکے ہیں جبکہ زرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کو سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کی طرف سے کسی قسم کی کاروائی سے بچانے کے لئے سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے اراکین پر پھر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ایک بااثر سینیٹر نے تو مبینہ طور پر اپنے ساتھی دوسرے سینٹرز کو باقاعدہ درخواست کی ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کو کچھ نہ کہا جائے لیکن سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ ہم فیصلے بغیر کسی دباؤ کے اور میرٹ پر کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں