سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان مزید مختصر ،ملتان سے ون ڈے میچ کی میزبانی سے محروم

بدھ 14 جنوری 2009 19:23

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین14جنوری2009 ) سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ مزید مختصر کردیاگیاہے اور اب مہمان ٹیم تین ایک روزہ میچز کیلئے صرف ایک ہفتہ پاکستان میں قیام کریگی۔جبکہ دوسری جانب ملتان کو تیسرے ایک روزہ میچ میزبانی سے محروم کرکے نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔اُردوپوائنٹ کے نمائندہ اعجاز وسیم باکھری کے مطابق سری لنکن ٹیم اب 17کی بجائے 18جنوری کو کراچی پہنچے گی اور سیریز کا افتتاحی ایک روزہ میچ 20جنوری کونیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا ایک روزہ میچ اگلے روز 21جنوری کونیشنل سٹیڈیم میں ہی ہوگا۔

تیسرے روزہ ون ڈے میچ کیلئے دونوں ٹیمیں 24جنوری کو لاہورقذافی سٹیڈیم میں نبردآزماہونگی جبکہ اگلے روز مہمان ٹیم کولمبوواپس لوٹ جائے گی جہاں سے سری لنکن پانچ ایک روزہ میچز کیلئے بھارت روانہ ہوگی۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کی درخواست پر دورہ کو مختصر کیا گیا ہے اور ملتان کی بجائے دومیچز کی میزبانی کراچی کو سونپی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسری مرتبہ شیڈول میں تبدیلی کی اس سے قبل تیسرے ون ڈے کی میزبانی کیلئے فیصل آباد کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم بعدازاں میچ یہاں سے منتقل کرکے ملتان شفٹ کردیا گیا اور خیال کیا جارہا تھا کہ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے آبائی شہرہونے کی وجہ سے تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے ملتان کو چنا گیاتاہم گزشتہ روز پی سی بی نے ترمیم شدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے میچز کو کراچی اور لاہور تک محدود کردیا۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے سری لنکن حکومت نے قبول کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا اور ابتدائی طور پر کہا جارہا تھا کہ مہمان ٹیم پاکستان میں پانچ ایک روزہ میچز کے ساتھ ساتھ ایک ٹونٹی ٹونٹی اور تین ٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریز کھیلے گی لیکن بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی کیجانب سے سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان میں رخنے ڈالنے کی خبریں منظرعام پر آئیں اور بھارتی بورڈ نے بھاری مالی فائدے کے عوض سری لنکن ٹیم کو ون ڈے سیریز کیلئے بھارت بلانے کافیصلہ کیا جس سے نہ صرف سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں پانچ کی بجائے تین ون ڈے میچز کھیلنے کافیصلہ کیا بلکہ ٹیسٹ سیریز کیلئے وہ دوسرے مرحلے اپنے دورہ بھارت کے بعد فروری کے تیسرے ہفتے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ 22فروری کو کراچی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2مارچ سے لاہورقذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں