سردی کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں بجلی اور گیس کی بندش کاسلسلہ شروع ہوچکاہے‘امیر العظیم

موجودہ حکمرانوں کے پاس بھی سبز باغ دکھانے کے سوا عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کسی قسم کا کوئی ایجنڈا نہیں‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گیس اوربجلی کی بندش کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس بحران بھی شدت اختیار کرتاجارہاہے۔گیس کی بندش اورپریشرکم ہونے کی وجہ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوناشروع گئے ہیںاور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوچاہئے کہ وہ سردی کے مزید بڑھنے سے پہلے گیس کے مسئلے پرخصوصی توجہ دے تاکہ لوگ سردی کے موسم میںمزیدپریشانی سے بچ سکیں۔ عوامی مسائل پربھرپور توجہ دینا اور ان کوجلدازجلدحل کرناحکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اگر عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی نہیں آئے گی توجمہوریت کے ثمرات بے سود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں حالیہ مہنگائی کی لہر نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔20کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پستے جارہے ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہے۔ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں ۔پاکستان معاشی و سیاسی عدم استحکام باعث دن بدن کمزور ہورہا ہے۔

موجودہ حکمرانوں کا ہر دن قوم پر بھاری ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے انتخابات سے پہلے کیے گئے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں ۔تین ماہ کی حکومتی کارکردگی نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ایسا لگتاہے کہ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکمرانوں کے پاس بھی سبز باغ دکھانے کے سوا عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کسی قسم کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ڈنگ پٹائوپالیسیوں کی وجہ سے ملک دوسرے ممالک سے ترقی کی دوڑ میں مقابلہ کرنے کی بجائے مزید پیچھے کی طرف جارہاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ملکی مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دے اور ان کے حل کے لیے سوچ وبچار کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں