ہمارا سیاسی سفر کافی لمبا ہے، ہم عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں،ڈاکٹرہشام انعام اللہ خان

اسی جذبے کے تحت ضلع لکی مروت میں ابتک اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام کئے ہیں جن سے نہ صرف علاقے کی تقدیر بدلے گی بلکہ عوام کو گھروں کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی،صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:45

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارا سیاسی سفر کافی لمبا ہے، ہم عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی جذبے کے تحت ضلع لکی مروت میں ابتک اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام کئے ہیں جن سے نہ صرف علاقے کی تقدیر بدلے گی بلکہ عوام کو گھروں کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرمختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے خاندان و ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ۔ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ آبنوشی، مواصلات اور تعلیمی میدان میں انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ان شعبوں میں کئی ایک منصوبے مکمل کئے گئے اور متعدد پر کام جاری ہے،کوئی تین سال کے عرصے میں 130 سولر ٹیوب ویلز اور 18 ایریگیشن ٹیوب ویلز مکمل کئے گئے جبکہ گرلز ڈگری کالج غزنی خیل، احمد زئی اور پیزو ڈگری کالج پر کام شروع کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لکی مروت میں نرسنگ کالج اینڈ پیرامیڈیکس اور ٹراما سنٹر منظور کئے ہیں، کالج کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ ٹراما سینٹر پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے لکی مروت کے لئے مزید 2 ارب روپے فنڈزکی منظور ی دی ہے جو ٹیوب ویلزکی تنصیب پر خرچ ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخ بدین ڈیم پر کام شروع ہے اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف زراعت کو ترقی ملے گی بلکہ لائیو سٹاک، جنگلات، جنگلی حیات، ماہی پروری، سیاحت اور دیگر شعبے بھی ترقی کریں گے یہی نہیں بلکہ ڈیم کی تعمیر سے زیر زمین پانی کی سطح بلندہو گی اور اس سے مروت علاقے میں آبنوشی کے مسائل پر بڑی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لکی مروت کی 150 سے زائد مساجد میں سولر سسٹم نصب کیا ہے اور عنقریب دیگر مساجد کو بھی سولر پاور سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لکی مروت کا شمار پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے ، افسوس ناک امر یہ ہے کہ گذشتہ15سال سے علاقے کو پسماندہ رکھا گیا لیکن ہم ترقی اور خوشحالی لانے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں اور تمام حلقوں میں بلاتفریق عوامی خدمت کے کام کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں