آزاد جموں و کشمیر انتخابات ،لکی مروت میں قائم واحد پولنگ سٹیشن پر ایک بھی ووٹ پول نہ ہوسکا

اتوار 25 جولائی 2021 19:30

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوران لکی مروت میں قائم واحد پولنگ سٹیشن پر ایک بھی ووٹ پول نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن نے دو خواتین ووٹروں کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں پولنگ سٹیشن قائم کیا تھا جہاں ریٹرنگ آفیسر فضل حکیم خان اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر حیات اللہ جان کی زیر نگرانی پریذائیڈنگ آفیسرگلاب سردارہ اور پولنگ آفیسرز مہرین ہاشم اور گلشن آرا پر مشتمل عملے کی دیوٹی لگائی گئی تھی انتخابی حلقہ LA-XLVکشمیر ویلیVIکے لئے ضلع لکی مروت میں قائم واحد پولنگ سٹیشن پر کل ووٹروں کی تعداد دو تھی جبکہ اس حلقے سے چار امیدوار میدان میں تھے جن میں پی ٹی آئی کے عبدالماجد خان، احمد مشاہد مشتاق، عبدالناصر خان اور نورالباری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولنگ سٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کوئی ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسحاق علی خان نے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں سیکورٹی انتظامات سمیت ووٹروں کی سہولتوں کا جائزہ لیا پولنگ کے لئے صبح8بجے سے شام5بجے تک مقررہ وقت میں دونوں ووٹروں میں سے کوئی ایک بھی ووٹ پول کرنے کے لئے پولنگ سٹیشن پر نہیں آیا اور پولنگ کا عمل بغیر کوئی ووٹ پول ہوئے ختم ہوگیا۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں