ڈیمز کی بر وقت تکمیل نہ کی گئی تو ملک کو پانی بحران کا شدید خطرہ لاحق ہوگا‘ ہمایون سیف الله خان

پیر 17 ستمبر 2018 14:50

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) سینئر پارلیمنٹرین ہمایون سیف اللہ خان نے ملک میں ڈیموں کی تعمیر کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے اور ڈیموں کے لئے فنڈ قائم کرنے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ پانی کی قلت ملک کا بنیادی مسئلہ ہے اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وزیر اعظم عمران خان ڈیموں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہمایون سیف اللہ خان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ملک میں نہ صرف بڑے ڈیموں بلکہ چھوٹے ، سلو ایکشن ڈیم اور رود کوئی نظام آبپاشی کی تعمیر کے لئے ہر فورم پر کوشاں رہتے ہوئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈیمز کی بر وقت تکمیل نہ کی گئی تو ملک کو پانی کے بحران کا شدید خطرہ لاحق ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے چیف جسٹس فنڈز اور وزیر اعظم فنڈ کا انضمام کو خوش آنند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی جذبہ نظر آتا ہے اور ہر سیاسی پارٹی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ سیاست کو چھوڑ کر ملک و قوم کے لئے ڈیمز کی تعمیر میں حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف وافر مقدار میں بجلی پیدا ہو گی بلکہ آبنوشی و آبپاشی کا موجود مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل ہوگا ، جس سے ملک میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں