ملک فیملی کی جڑیں عوام میں ہیں، الیکشن کے بعد عوام سے ناطہ نہیں توڑا بلکہ ہمیشہ کی طرح ان کے دکھ درد میں شریک ہیں،ملک نور سلیم خان

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:58

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) جے یو آئی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک نور سلیم خان نے کہا ہے کہ ملک فیملی کی جڑیں عوام میں ہیں الیکشن کے بعد عوام سے ناطہ نہیں توڑا بلکہ ہمیشہ کی طرح ان کے دکھ درد میں شریک ہیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔ وہ یہاں کوٹکہ گل بادشاہ(کلن)میں ریڈیو پاکستان پشاور کے سینئر پروڈیوسر اکرام اللہ مروت اوردلو خیل میں چیئرمین خیبر پختونخوا ٹیکنیکل بورڈ قاسم مروت کے والد کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا نمائندوں سے باتیں کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سابق ایم پی اے ملک نور سلیم خان مروت نے کہا کہ ان کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کام گواہ ہیں کہ انہوں نے لوگوں کی خدمت اور بہتری کے لئے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا ،اجتماعی منصوبوں پر وسائل خرچ کئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بنیادی سہولیات گھروں کے نزدیک میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بے لوث خدمات کی بدولت وہ آج بھی عوام میں اتنے ہی مقبول ہیں جتنا پہلے تھے اور انہیں فخر ہے کہ جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ان کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔ ملک نور سلیم نے کہا کہ ان کے خاندان نے علاقائی سیاست کی روایات ہی بدل دی ہیں اب عوام کام اور کارکردگی دیکھ کرہی فیصلہ کریں گے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں