لکی مروت،محکمہ ریلوے نے مصروف ترین مچن خیل اڈے اور اس کے ارد گرد علاقے میں ریلوے کی اراضی پر کھڑی تجاوزات ہٹا دیں

جمعہ 28 دسمبر 2018 21:42

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2018ء) محکمہ ریلوے نے مصروف ترین مچن خیل اڈے اور اس کے ارد گرد علاقے میں ریلوے کی اراضی پر کھڑی تجاوزات ہٹا دیں تاہم بڑی مچھلیاں ایک بار پھر بچ نکلیں ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ایگزیکٹیو انجینئر ریلوے شبیر خان نے کی جس میں ریلوے اہلکاروں، ریلوے پولیس اور مقامی پولیس نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران تھڑے اور دکانیں مسمار کردی گئیں، مچن خیل اڈے پر زیادہ تر تھڑے ، کھوکھے اور دکانیں چھوٹے اور دیہاڑی دار تاجروں کی ہیں جو ان کی گزر بسر کا واحد ذریعہ تھیں۔ آپریشن میں بڑی مچھلیوں کی طرف سے ریلوے کی اراضی پر قائم تجاوزات حکام کی نظروں سے اوجھل رہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلے میں کمرشل قابضین کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ان قابضین کے خلاف آپریشن کیا جائے گا جنہوں نے ریلوے اراضی پر مکانات تعمیر کر رکھے ہیں۔ متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر میں واقع محکمہ ریلوے کی اراضی ان تاجروں اور لوگوں کو لیز پر دی جائے جو پہلے ہی اس پر قابض ہیں تاکہ وہ اس پر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں