لکی مروت ،نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے زچگی آپریشن کیلئے لائی گئی خاتون بچے سمیت جاں بحق

جمعہ 15 جنوری 2021 18:19

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) لکی مروت شہر کے ایک نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے زچگی کے آپریشن کے لئے لائی گئی خاتون نوزائیدہ بچے سمیت جاں بحق ہوگئی جس سے خاتون کے رشتہ داروں میں غم و غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ کٹہ خیل گائوں سے تعلق رکھنے والے مولانا رشید احمد نے پریس کلب بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13جنوری کی رات وہ درد زہ میں مبتلا اپنی شریک حیات کو گورنمنٹ سٹی ہسپتال لائے جہاں خاتون ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے سبب نرسوں کی دو گھنٹے کی کوشش کے بعد انہیں نجی ہسپتال جانے کا کہا گیا ،وہ جب اپنی اہلیہ کو شہر کے معروف نجی ہسپتال لائے تو ڈاکٹروں نے ڈیلیوری آپریشن کے لئے 27ہزار روپے فیس جمع کرانے کی ہدایت کی موقع پر رقم نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروںسے درخواست کی گئی کہ وہ آپریشن کردیں قم کا بندوبست صبح تک کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق تحصیل نائب ناظم ایڈووکیٹ حافظ آصف سلیم اور جے یو آئی کے تحصیل امیر مولانا عبدالحق بھی موجود تھے۔ متاثرہ شہری نے کہا کہ ڈاکٹروں کے اصرار پر20کلومیٹر دور واقع گائوں کٹہ خیل سے رقم منگوائی گئی اور آپریشن فیس جمع کی گئی لیکن اس دوران درد زہ کا شکار ان کی اہلیہ اور نوزائیدہ بچے کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ انہوں نے اپنی اہلیہ اور بچے کی موت کی وجہ بروقت آپریشن نہ کرنا قرار دیتے ہوئے حکومت سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تجہیز و تکفین کے مراحل سے فراغت کے بعد وہ انصاف کے حصول کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں