لکی مروت کی تعمیر و ترقی، عوام کی خوشحالی اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، سلیم سیف اللہ خان

تحصیل کونسلوں کے چیئرمین لوگوں کے باہمی تنازعات کے خاتمے ، امن کے فروغ کے لئے مصالحتی کمیٹیاں تشکیل دیں، سابق وفاقی وزیر

جمعہ 3 جون 2022 20:15

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2022ء) سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے لکی مروت ، سرائے نورنگ اور غزنی خیل کے تحصیل کونسل چیئرمینوں پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کے باہمی تنازعات کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لئے مصالحتی کمیٹیاں تشکیل دیں، سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ ضلع لکی مروت کی تعمیر و ترقی، عوام کی خوشحالی اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، قوم کو چاہیے کہ باہمی لڑائی جھگڑے،دشمنیاں،رنجشیں اور اختلافات ختم کرکے ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل چیئرمین شفقت اللہ خان،عزیزاللہ خان اور ذیشان خان اپنی متعلقہ تحصیل کونسل کی سطح پر پڑھے لکھے،دیانتدار،ایماندار،مخلص اور اچھی شہرت رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں و مشران پر مشتمل مصالحتی کمیٹیاں تشکیل دیں جو بغیر کسی طمع و لالچ کے انصاف کا دامن تھام کر لوگوں کے باہمی تنازعات حل کریں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیف اللہ برادران علاقے میں امن کے قیام اور ترقی و خوشحالی لانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں