لکی مروت،پری مون سون بارشوں نے تاجہ زئی درہ تنگ شاہراہ کو کئی مقامات پر تالابوں میں بدل دیا

جگہ جگہ کھڑے پانی سے ٹرانسپورٹروں ،شہریوں کو مشکلات کا سامنا،شہریوں کاروڈ کی حالت بہتر بنانے کیلئے حکومت سے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ

جمعہ 17 جون 2022 20:12

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2022ء) پری مون سون بارشوں نے تاجہ زئی درہ تنگ مصروف ترین شاہراہ کو کئی مقامات پر تالابوں میں بدل دیا جگہ جگہ کھڑے پانی سے ٹرانسپورٹروں اور عام شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں، گذشتہ روز لکی مروت میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد لکی شہر کے گردو نواح میں خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والے بنوں میانوالی شاہراہ کے تاجہ زئی درہ تنگ حصے پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج، ڈی ایچ او آفس، دال ملز ایریا اور دیگر علاقوں میں سڑک تالاب کا منظر پیش کرتی رہی جس سے ٹرانسپورٹروں کو خاصی مشکلات پیش آئیں اس کے علاوہ ان علاقوں کے مکینوں کو بھی طرح طرح کے مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔

اسسٹنٹ کمشنر لکی مروت طارق محمود نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی زیر نگرانی ٹی ایم اے کے ڈی واٹر نگ پمپوں کے ذریعے شاہراہ پر جمع پانی ہٹا دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کی زیر نگرانی یہ شاہراہ لکی مروت کے ساتھ ساتھ بنوں اور ٹانک کی چھوٹی بڑی گاڑیاں سی پیک کے ذریعے اسلام آبادجانے کے لئے استعمال کرتی ہیں اور اس پر گاڑیوں کا خاصا رش لگا رہتا ہے ، مذکورہ اتھارٹی نے ایک عرصے سے اس شاہراہ کی تعمیر و مرمت اور بحالی سے ہاتھ کھینچ رکھا ہے جس سے اس کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجہ زئی درہ تنگ روڈ کی حالت بہتر کرنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کئے جائیں۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں