لکی مروت ،بیشتر علاقوں میں پری مون سون طوفانی بارش نے تباہی مچا دی

تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے درخت اکھڑ اورسائن بورڈ گر گئے ،کئی علاقوں میں دیواریں زمین بوس

منگل 21 جون 2022 17:45

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2022ء) ضلع لکی مروت کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے درخت اکھڑ اورسائن بورڈ گر گئے جبکہ کئی علاقوں میں دیواریں زمین بوس ہوگئیں، بارش سے بدی نالوں میں طغیانی آنے سے دیہی اور شہری علاقوں کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا، کئی مقامات پر سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ، دیہی علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ بنوں میانوالی شاہراہ کے مصروف ترین تاجہ زئی درہ تنگ سیکشن پر دلو خیل پھاٹک، محمد خیل دلو خیل، دال ملز ایریا اور کالج کے قریب سیلابی پانی جمع ہوگیا جس سے ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات پیش آئیں۔

بارش سے دیہی اور شہری علاقوں میں سڑکوں کو نقصان پہنچا اکھڑ گئے البتہ موسم خوشگوار ہوگیا اور پیسکو نے شام تک شہر کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ۔

(جاری ہے)

ادھر ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین کی خصوصی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں میں آبادی کو سیلابی ریلوں کے نقصانات سے بچانے کے لئے مٹی کے بند باندھنے کا عمل شروع کردیا گیاہے، اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود کی زیر نگرانی بھاری مشینری کی مدد سے اب تک متعدد علاقوں میں بند بنانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال بھی ایسے ہی مٹی کے بندوں کی تعمیر سے رہائشی علاقے سیلابی ریلوں کے نقصانات سے محفوظ رہے تھے ۔واضح رہے کہ ضلع بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور آسمان کالی گھٹائوں کی لپیٹ میں ہے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں