چیف جسٹس آف پاکستا ن کے عدلیہ کے نظام کوبہتربنانے کے اقدامات قابل تحسین ہیں، چوہدری نثاراحمدایڈوکیٹ

اتوار 20 جنوری 2019 18:10

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن گجرات کے سابق صدر،صدرجے آئی کسان بورڈ چوہدری نثاراحمدایڈوکیٹ نے کہاہے کہ نئے چیف جسٹس آف پاکستا ن آصف سعید کھوسہ کے عدلیہ کے نظام کوبہتربنانے اورعام لوگوں کے لئے حصول انصاف کویقینی بنانے کے لئے جن خیالات کااظہارکیاہے، وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی عدالتیں انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں، چیف جسٹس کا تمام خصوصی عدالتوں کوختم کرکے تمام بینکنگ ،سول سروسز ،لیبرکے مقدمات ضلعی عدالتوں کومنتقل کرنے کااعلان بہت بڑی پیش رفت ہے، اس سے عوا م کوآسانیاں میسرآئیں گی۔

چوہدری نثاراحمدایڈووکیٹ نے کہاکہ خصوصی عدالتیں صوبائی اورڈویڑنل ہیڈ کوارٹرزمیں ہونے کے باعث عوام کو حصول انصاف کے لئے بہت زیادہ اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے، آج سے پچاس سال قبل تمام مقدمات سول عدالتوں میں سنے جاتے تھے، خصوصی عدالتیں اہداف کے حصول میں ناکام رہی ہیں چیف جسٹس کامقدمہ کاتیز ی سے تصفیہ کرنے کے لئے اقدامات کاخیرمقدم کرتے ہیں، دیوانی مقدمات کئی نسلوں تک چلتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کاموجودہ عدالتی سسٹم سے اعتماد اٹھ گیاہے عوام کااعتماد بحال کرنے کے لئے مقدمات کاتیزی سے فیصلہ ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس نے تمام قومی اداروں کومل بیٹھ کر میثاق حکمرانی کی تجویز دی ہے جوانتہائی قابل قدرہے اس طرح عوام کودستورکے تحت ملنے والے حقوق حاصل ہوسکیں گے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اورعوام کااپنے ریاستی اداروں پراعتماد قائم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں