ضلع بھر میں یوم آزادی منانے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 9 اگست 2018 23:29

لالہ موسیٰ۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر توصیف دلشاد کٹھانہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، سرکاری عمارتوں پر چراغاں، پرچم کشائی کیساتھ شجر کاری بھی کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوںنے جشن آزادی پروگرامز کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سعدیہ مہر، عباس رضا ناصر، اسسٹنٹ کمشنرز ضیغم نواز، افضل حیات، عمر حیات گوندل ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، سی ای او ایجوکیشن لیاقت علی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع گجرات میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس کمپلکس میں ہوگی ، پنجاب پولیس کا دستہ سلامی دیگا اور صبح 8بجکر 55منٹ پر پرچم کشائی ہوگی، تقریب میں ضلع بھر کے معززین و سرکاری ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز مرکزی تقریبات کی صدارت کریں گے ، سکولوںمیں منعقدہ ان تقریبات میں شریک بچوں کو شجرکاری میں بھی شامل کیا جائے گا ، پوزیشن ہولڈرز کو دیگر انعامات کیساتھ پودے بھی بطور تحفہ دیے جائیں گے، سرکاری ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز و عملہ مریضوں کے ہمراہ شجر کاری کریگا ۔

انہوںنے ہدایت کی کہ 11اگست تک اہم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کر دیا جائے، بزنس کمیونٹی سے ملکر جی ٹی روڈ اور دیگر شاہراہوں کو خوبصورت بنایا جائے گا، بہترین چراغاں کرنیوالوں کو تعریفی اسناد بھی جاری کی جائیں گی۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں