گجرات، تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کیا

پیر 24 ستمبر 2018 23:37

لالہ موسیٰ ۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر توصیف دلشاد کٹھانہ نے اپنی کمسن بیٹی کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر یاسر و دیگر بھی موجود تھے، سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کل 26ستمبر تک جاری رہے گی جس کے ساتھ بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی جبکہ 27سی28ستمبر تک دو روزہ فالو اپ مہم ہوگی جس کے دوران کسی وجہ سے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے رہ جانیوالے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسئین دی جائے گی، انہوںنے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے آغاز سے قبل ضلع بھر میں ایک ہزار سے زائد ٹیموں کے ارکان کوتربیت دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پولیو کو شکست دینے کے قریب ہے، انہوں نے کہا کہ والدین، علما ء کرام، غیر سیاسی تنظیموں کے بھرپور تعاون اور انسداد پولیو ورکرز کی بھرپور محنت کے نتیجے میں وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے بھی اس خطرناک مرض کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، انہوںنے بتایا کہ اپنی بیٹی کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر اس مہم کے افتتاح کا مقصد شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پولیو سے بچائو کے قطرے محفوظ ہیں، نیز یہ ہر بچے کا حق اور ان کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے لازم ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں