لالہ موسیٰ ، ’’مقصدیت کی حامل تعلیم ‘‘دو روزہ تربیتی ورکشاپ

منگل 23 اپریل 2019 17:53

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) جامعہ گجرات کی فیکلٹی برائے انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ ’’مقصدیت کی حامل تعلیم ‘‘ کا انعقاد ہوا۔ اساتذہ کے لیے منعقدہ اس دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصدا نجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے اساتذہ کو تعلیم کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرواتے ہوئے جدید تکنیکی تعلیم و تربیت کو طلبہ کی نوجوان نسل کے لیے افادیت کا حامل بنانا ہے۔

ورکشاپ کے ریسورس پرسن سلطان قابوس یونیورسٹی عمان کے پروفیسرڈاکٹر عابد علی خان تھے۔ ورکشاپ کے تعارفی اجلاس کی صدارت ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کی جبکہ چیئرپرسن الیکٹریکل انجینئرنگ ڈاکٹر شاہد اقبال نے میزبانی کا فریضہ سرانجام دیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر عابد نے تعارفی لیکچر میں کہا کہ عملیت پسندی قومی کامیابی کا روشن راستہ ہے۔

انفرادی سطح پر احساس ذمہ داری بہترین قوم کو پروان چڑھاتا ہے۔ علمی میدان میں اختراعی طریق کار اور جدت پسندانہ تکنیک طلبہ کو عمل کی راہوں پر گامزن کرتی ہیں۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے مقامی سطح پر فنی و تکنیکی ایجادات لازم ہیں۔ معاشرہ کو سماجی، اخلاقی اور مجلسی سطح پر مثبت تبدیلیوں کا ادراک دور حاضر کا اہم تقاضا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ مقصدیت کی حامل تکنیکی و فنی تعلیم پاکستان کی معاشی ترقی کو نئے دھاروں سے روشناس کروا سکتی ہے۔

فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی نوجوان طلبہ میں علمی تحقیق، تنقیدی نکتہ نظر اور مقامی مسائل کے حل کے شعور کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی پائیدار ترقی میں معاون ہے۔ دورحاضر میں مارکیٹ وانڈسٹری کی ضروریات کے عین مطابق تعلیم و عملی تربیت کی فراہمی جامعات کا بنیادی فریضہ ہے۔ نوجوان طلبہ میں ہنرو مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے ملک و قوم کے لیے بہترین نتائج کا حصول ممکن ہے۔ دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں تقریباً پچاس اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔ن

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں