گجرات ،کورونا وباء سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر لاک ڈاؤن احکامات میں مزید سختی کر دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر

ْ

بدھ 28 اپریل 2021 18:21

لالہ موسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2021ء) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ این سی او سی کے فیصلہ کے مطابق ضلع گجرات میں کورونا وباء سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر لاک ڈاؤن احکامات میں مزید سختی کر دی گئی ہے، آئندہ ہر روز شام 6بجے تمام کاروباری مراکز بند کر دیے جائیں گے، جمعہ اور ہفتہ کو دو دن مکمل لاک ڈاؤن کے دوران بیکریاں، کریانہ سٹور ز بھی بند رہیں گے تاہم پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز، سبزی، چکن کی دکانیں کھل سکیں گی، یہ تفصیلات انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتائیں، اے ڈی سی جی افضل حیات تارڑ بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے دوران متاثرہ افرادکی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ کے پیش نظر لاک ڈاؤن احکامات میں سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا جبکہ دیگر ایام کے دوران شام 6 بجے تک کاروباری مراکز بند کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کی طرف جاری نوٹیفیکشن کے مطابق شادیوں کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور پر پابندی ہوگی تاہم ہوم ڈیلیوری یا ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، تمام پارکس،مزارات،فٹنس جم ،سینما اور تھیٹر بند رہیں گے، دفاترمیں 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کیا جائے گا اور دفتری اوقات 9 بجے سے 2 بجے تک ہوں گے، پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد اور ریل سروس 70 فیصد استعداد کے مطابق چلے گی، ہر طرح کی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن بند رہے گی،تاہم گڈز سروسز، میڈیکل اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی اجازت ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن احکامات پر عملدرآمد کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں پولیس، میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور ملازمین شامل ہوں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کے جوانوں کی معاونت بھی حاصل کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی، پبلک مقامات پر بغیر ماسک جانے والے افراد کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کروائیے جائیں گے۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں