ایم این اے سید فیض الحسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس

فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عوامی نمائندے اور افسران ترقیاتی منصوبوں پر کام کی خود نگرانی کریں،سید فیض الحسن

ہفتہ 5 جون 2021 23:02

لالہ موسیٰ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ایم این اے سید فیض الحسن کی زیر صدارت منعقد ہوا، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، ڈی پی او عمر سلامت، ایم این اے تاشفین صفدر، ارکان پنجاب اسمبلی چوہدری سلیم سرور جوڑا، چوہدری لیاقت علی بھدر، میاں اختر حیات، ٹکٹ ہولڈر چوہدری محمد الیاس، نمائندہ ظہور الہی ہاوس قاضی سیف اللہ خالد، حمید احمد بھٹی، چوہدری علیم الدین، چوہدری عثمان منظور دھدرا، چوہدری ناصر محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد کنگ، اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر، خالد عباس سیال، احسن ممتاز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی بجٹ کی 80سکیموں کیلئے رواں مالی سال میں 2.6ارب روپے مختص کئے گئے تھے ان میں 2.3ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون مکمل کیا جاچکا ہے، 3075ملین روپے لاگت سے فیز ٹو کے 132میں سے 104منصوبہ جات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ فیز تھری کیلئے 1ارب روپے فنڈز سے 110ترقیاتی منصوبوں کے ٹیندرز کے بعد ورک آرڈرز جاری کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 472منصوبوں پر 1142ملین روپے خرچ ہونگے، ابتک 201منصوبہ جات پر کام مکمل ہو چکا ہے، دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ پر 333ملین روپے اخراجات ہونگے ان پراجیکٹس پر فزیکل پراگریس 50فیصد سے زائد ہے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کو بتایا گیا کہ سکول ایجوکیشن کے 21منصوبوں پر 98ملین روپے خرچ ہونگے ابتک 11سکیمیں مکمل ہیں جبکہ دیگر پر کام آخری مراحل میں ہے اسی طرح ڈنگہ میں ایجوکیشن اور لائیو سٹاک کے دو منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، این اے 70کے مختلف علاقوں میں دیگر سکیموں کیساتھ تین لائیو سٹاک ڈسپنسریاں بھی تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ بورڈ آف ریونیو نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے قیام کیلئے این او سی جاری کر دیا ہے۔

ایم این اے سید فیض الحسن شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عوامی نمائندے اور افسران ترقیاتی منصوبوں پر کام کی خود نگرانی کریں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ہر پندرہ دن بعد باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیا جائے گا جہاں ممبران کمیٹی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور کسی قسم کے مسائل کی نشاندہی کر سکیں گے۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں