محکمہ زراعت سندھ کو شدید گرمی کے باعث کسانوں کے لئے کیمپس قائم کرنے کی ہدایت

جمعہ 13 مئی 2022 15:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2022ء) سندھ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے.اس حوالے سے سندھ حکومت نے گرمی کے پیش نظر کسانوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے۔مشیر زراعت منظور حسین وسان نے کسانوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو پہر 12 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک تیز دھوپ میں کام کرنے سے کسان اجتناب کریں،کسان سَر کو کپڑے سے ڈھانپ کر کام کریں.فصلوں کو ضرورت کے مطابق پانی دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ زراعت سندھ کے تمام ضلعی افسران کو گرمی میں اضافے کے پیش نظر کسانوں کے لئے کیمپس قائم کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ میں جہاں بھی پانی کی زیادہ قلت ہے وہاں فصلوں کو صبح یا شام کے وقت پانی کا اسپرے کریں، گرمی لگنے کی صورت میں کسان فوراََ قریبی ہسپتال جائیں۔منظوروسان نے کہا ہے کہ انتہائی گرم اور خشک موسم سبزیوں، باغات اور فصلوں پر دبائو ڈال سکتا ہے، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا انتظام کریں،کاشتکار مزید فصلوں کے بارے میں معلومات کے لئے قریبی زرعی توسیعی عملہ یا آئی سی ٹی زرعی توسیعی ہیلپ لائن 03111646111 پررابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں