ڈزاسٹر منیجمنٹ کے موضوع پر یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

بدھ 22 فروری 2017 21:41

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی شعبہ آگاہی کی جانب سے ڈزاسٹر منیجمنٹ کے موضوع پر یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر غلام اصغر چنہ نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ بہتر تعلیم کے ذریعے کیا جاسکتا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں انتہاپسندی کو روکنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ صوفی منش لوگوں کی دھرتی ہے اس دھرتی کے لوگوں نے ہمیں محبت کا پیغام دیا ہے، دہشت گردوں نے ہمیشہ خوف پھیلانے کی کوشش کی ہے جبکہ سندھ کے سول سوسائٹی نے ان دہشت گردوں کو مسترد کردیا۔ میونسپل کارپوریشن کے میئر محمد نے کہا کہ ہمیں اپنے اسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کو اولیت دینی ہوگی اس کے لئے میں لاڑکانہ کے منتخب نمائندوں سے 50 لاکھ روپے لے کر دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو نے کہا کہ ہمیں مجموعی طور پر اپنی سوچ اور رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا ہمیں انتہاپسندی کا راستہ روکنے کے لئے ورکشاپس منعقد کرنے ہونگے۔ سیمینار کو ڈاکٹر سعید احمد شیخ اور پروفیسر احمد الدین سومرو نے ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی یارمحمد رند، پروفیسر کے داس، مہر میڈیکل کالج سکھر کے پرنسپل پروفیسر غلام حیدر رند، پروفیسر عبدالعلیم شیخ، پروفیسر عبدالحمید شیخ، پروفیسر سعید احمد، پروفیسر غلام مرتضیٰ پٹھان، پروفیسر ذوالفقار سومرو، پروفیسر حبیب الرحمٰن قادری، ڈائریکٹر فنانس زاہد حسین داریجو، ڈائریکٹر پلاننگ التمش شیراز، میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالصمد بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں