بہتر اور معیاری تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سکندر میندھرو

ہفتہ 27 جنوری 2018 23:10

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2018ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ بہتر اور معیاری تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے قائم کئے گئے شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی جیسے ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی کے سالانہ بارہویں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیبسٹ کے گریجویٹس کے لئے یہ تاریخی موقع ہے وہ اپنی تمام صلاحیتیں معاشرے کی بہتری کے لئے استعمال کریں تاکہ ہمارا صوبہ اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کی جانب سے بھیجا گیا پیغام پڑھتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کی قدیم اور شاہکار تہذیب موہن جو دڑو کے وارث ہیں، گریجویٹس کو اپنی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔

سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1995ء میں زیبسٹ کے ادارے قائم کرکے اپنے شہید والد کے خواب کو تعبیر دی۔ تقریب میں زیبسٹ کی چانسلر اور رکن قومی اسمبلی عذرا پیچوہو، رکن سندھ اسمبلی خورشید جونیجو اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں زیبسٹ کے 117 گریجوئیٹس میں اسناد اور میڈلز تقسیم کئے گئے جس کے بعد طلبہ و طالبات نے اپنی ٹوپیاں ہوا میں اچھال کر تعلیم مکمل کرنے کی خوشی کا زبردست جشن منایا۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں