شہید بینظیر فیسٹیول کے سلسلے میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ لاڑکانہ کی جانب سے نعت اور قرات کے مقابلے

جمعہ 9 فروری 2018 00:50

لاڑکانہ ۔ 8 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) شہید بینظیر فیسٹیول کے سلسلے میں سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاڑکانہ کی جانب سے نعت اور قرات کے مقابلے منعقد کئے گئے جس میں لاڑکانہ ڈویزن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، شکارپور اور کشمور کندھ کوٹ کے مختلف اسکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو، ایڈیشنل کمشنر ون احمد سلطان کھوسو، چیئرمین تعلیمی بورڈ لاڑکانہ پروفیسر احمد علی بروہی، لاڑکانہ پریس کلب کے صدر ایس اقبال بابو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون یاسر بھٹی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ نعت کے مقابلے میں شکارپور کے گورنمنٹ قاضی حبیب اللہ اسکول کے طالبعلم فیاض احمد نے پہلی پوزیشن، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول علن خان جمالی کی طالبہ فوزیہ نے دوسری جبکہ ہرا ہائی اسکول کشمور کے محمد شعبان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

قرات کے مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول صدیق ماڑی شکارپور کی طالبہ فرحین نے پہلی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کی سمیہ بشیر نے دوسری جبکہ گورنمنٹ گجن پور بوائز ہائی اسکول لاڑکانہ کے مزمل علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، تعلیمی بورڈ کے چیئرمین، ایڈیشنل کمشنر ون، لاڑکانہ پریس کلب کے صدر اور دیگر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈز اور انعامات بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں