پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کا اجلاس، لاڑکانہ میں پاور شو کرنے کا فیصلہ، 19 اور 23 جولائی کو بڑی ریلیاں نکالنے کا اعلان

ریلیوں کا شہر بھر میں پارٹی کارکنان کی جانب سے استقبال کیا جائے گا، لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور رہے گا، نثار احمد کھوڑو

منگل 17 جولائی 2018 23:46

پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کا اجلاس، لاڑکانہ میں پاور شو کرنے کا فیصلہ، 19 اور 23 جولائی کو بڑی ریلیاں نکالنے کا اعلان
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کا اجلاس پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنے گڑھ لاڑکانہ میں پاور شو کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 19 جولائی اور 23 جولائی کو لاڑکانہ میں بڑی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں طئے کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کی 19 جولائی کو لاڑکانہ میں بڑی ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت سندھ کے صدر نثار کھوڑو کرینگے جبکہ 23 جولائی کو بڑی ریلی کی صورت میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پورے شھر کا دورہ کرینگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ریلیوں کا شہر بھر میں پارٹی کارکنان کی جانب سے استقبال کیا جائے گا، لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کالاباغ ڈیم کے حامیوں اور سندھ دشمن اتحادیوں کا ٹولہ ہے، شہریوں نے فیصلہ کرلیا ہے کے وہ شھر کو دھشتگردوں کے حامیوں اور غنڈون کے حوالے نہیں کریں گے۔ نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی امیدواروں کو ریکارڈ ووٹوں سے منتخب کرائیں گے، 25 جولائی کے بعد سندھ کے ٹکڑے چاہنے والوں کے اتحادیوں کی بھی سیاست ختم ہوجائے گی، فتح تیر کی ہوگی اور بلاول بھٹو کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پھر تیسری مرتبہ سندھ میں حکومت بنائے گی اور مخالفین کو عام انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو، عبداالفتاح بھٹو، خیر محمد شیخ، نورالدین ابڑو و دیگر کی شرکت کی۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں