تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان

اتوار 12 اگست 2018 00:11

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کنٹرولر تعلیمی بورڈ لاڑکانہ فخرالدین بابر ابڑو کے مطابق تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے زیر اہتمام دسویں جماعت کے سائنس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشن نجی اسکول کے طلبہ و طالبات نے حاصل کی ہیں۔ جن میں نجی انڈس اسکول کی طالبہ رابعہ پٹھان نے 780 نمبر لے کر اے ون گریڈ میں پہلی پوزیشن، زینب خاتون اور سارنگ ابڑو نے مشترکہ طور پر 775 نمبر لے کر دوسری جبکہ صفی احمد نے 774 نمبر لے کے تیسری پوزیشن کی۔

جنرل گروپ میں گورنمینٹ میونسپل ہائی سکول لاڑکانہ کے خلیل الرحمان عباسی نے 660 نمبر لے کر اے گریڈ میں پہلی پوزیشن، گورنمنٹ ہائی سکول میہڑ کے راجہ سرفراز سومرو نے 643 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ گورنمنٹ نیو مہران ہائی اسکول کندھ کوٹ کے ساجد علی کھوڑو نے 641 نمبر لے کر ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے سائنس گروپ میں مجموعی طور پر 39498 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے 34443 پاس، 5073 فیل، 848 کاپی کیس، 56 کے کاغذات مکمل نہ ہونے کے باعث ان کے نتائج روک دیئے گئے جبکہ 16 امیدواروں کے کاغذات کی چھان بین بھی ہوگی۔

اسی طرح جنرل گروپ میں مجموعی طور پر 3399 امیدواروں میں سے 2810 پاس، 614 فیل اور 331 امیدواروں کو کاپی کیس کرتے ہوئے ایک امیدوار کے امتحانی کاغذات مکمل نہ ہونے کے باعث اس کے خلاف چھان بین ہوگی۔ تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے مطابق سائنس گروپ میں پاس ہونے کا تناسب 87.20 جبکہ جنرل گروپ میں 82.67 فیصد رہا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں