لاڑکانہ میں 71 واں یوم جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

بدھ 15 اگست 2018 00:20

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں بھی 71 واں یوم جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب شہید بے نظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ نوید شیخ، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ مرتضیٰ علی شاہ، ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید اکبر ریاض، ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار اور میئر محمد اسلم شیخ کی جانب سے پرچم کشائی کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے ملک سے والہانہ محبت کے اظہار کے طور پر ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افسران کا کہنا تھا کہ ملک پاکستان کے لیے ہمارے بڑوں اور بزرگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ملک حاصل کیا، ہمیں چاہیے کہ ملک کی خوشحالی و ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں کیونکہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس ملک کی حفاظت کے لیے ہم سب صف اول میں کھڑے ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، رینجرس اور پولیس کے جوانوں نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے اپنے جانوں کا نذرانہ دے ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا ہم آج اپنے فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کبوتر فضا میں اڑائے گئے جبکہ پودے لگاکر افسران کی جانب سے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں