سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاڑکانہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر رتوڈًیرو کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا

جمعرات 10 جنوری 2019 21:44

سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاڑکانہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر رتوڈًیرو کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا
لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاڑکانہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر رتوڈًیرو کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، رتوڈًیرو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کا حلقہ ہے۔ اس سلسلے میں سیپکو کنسٹرکشن ڈویژن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نذیر سومرو اور ایگزیکٹو انجینئر مشتاق بڑدی عملے کے ہمراہ رتوڈیرو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے تو رتوڈًیرو کے شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پی ڈی کنسٹرکشن نذیر سومرو اور مشاق بڑدی کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف دو ماہ کے سخت آپریشن کے بعد ہمیں کامیابی حاصل ہوئی ہے کہ 6 ہزار بجلی صارفین پر مشتمل تحصیل رتوڈًیرو کے چاروں فیڈر سٹی 1 تا 4 تک تھفٹ فری کر کے لوڈ شیڈنگ سے مستسنی قرار دے دیا گیا ہے، اب یہاں ایک منٹ بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں نذیر سومرو کا کہنا تھا کہ 15 جنوری تک سیپکو کے 66 فیڈر لوڈشیڈنگ سے مستسنی قرار دے دیئے جائیں گے جبکہ 15 مارچ 2019 تک 186 فیڈر تھیفٹ فری قرار دے دینے کا ٹارگٹ ہے، اب وہ وقت گذر گیا کہ بجلی چوری کی جائے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد محکمہ واپڈا کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت بھی لاڑکانہ کا خورشید دھامراہ فیڈر میں صرف پیپلز پارٹی کے ایم این اے خورشید جونیجو بجلی کا بل ادا کرتے ہیں باقی سب نادہندگان ہیں، وہاں جلد آپریشن کیا جائے گا۔ دوسری جانب رتوڈًیرو میں میٹر نہ لگوانے والے صارفین کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند رکھی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے بجلی چور اور بل ادا کرنے والے ایک ہی لائن میں تھے اور بجلی چوروں کی وجہ سے بل ادا کرنے والوں کی بجلی بھی بند کر دی جاتی تھی لیکن اب بہترین کام کیا جا رہا ہے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں