پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں نوڈیرو ہاؤس میں اجلاس

ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین خان محمد سانگھرو نے چیئرمین شپ سے دیا گیا اپنا استعفیٰ واپس لے لیا

ہفتہ 20 اپریل 2019 22:10

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) لاڑکانہ ضلع کونسل میں پیپلز پارٹی ممبران کی جانب سے چیئرمین پر پارٹی سے غداری اور ترقیاتی کاموں کے فنڈز جاری نہ کرنے پر جاری کشیدگی اور چیئرمین کی جانب سے دیئے گئے استعفیٰ کے بعد پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں نوڈیرو ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ضلع کونسل خان محمد سانگھرو، ممبران اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین خان محمد سانگھرو نے چیئرمین شپ سے دیا گیا اپنا استعفیٰ واپس لے لیا جبکہ چیئرمین اور ضلع کونسل کے اراکین کا آپس میں پارلیمانی انداز میں ایک دوسرے سے پیش آنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ چیئرمین ہر ماہ ضلع کونسل کا اجلاس طلب کریں گے اور اجلاس سے قبل اراکین کی پارلیمانی پارٹی میں اجلاس کی ایجنڈا پر مشاورت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اراکین ضلع کونسل نے چیئرمین ضلع کونسل خان محمد سانگھرو پر اعتماد کا اظھار کیا اور آئندہ ہونے والے ضلع کونسل کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ضلع کونسل کے اراکین چیئرمین ضلع کونسل پر اعتماد کی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر نثار کھوڑو کی چیئرمین ضلع کونسل کو ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام کسی صورت رکنے نہیں چاہیئے اس لیے ترقیاتی کاموں پر کوئی مصلحت نہیں کی جائے گی۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں