وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں لاڑکانہ میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ اور احتجاجی دھرنا دیا گیا

جمعہ 21 جنوری 2022 22:40

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں لاڑکانہ میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ اور احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔لاڑکانہ میں وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ٹریکٹر ٹرالیز پر آئے کاشتکار اور پیپلزپارٹی کارکنان قافلوں کی صورت میں لاڑکانہ کے مری چوک پر جمع ہوئے جہاں وزیر اعلی سندھ نے احتجاج میں شرکت کی اور بیل گاڑی پر بیٹھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

احتجاجی دھرنے سے خطاب میں وزیراعلی سندھ نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں کسان بلاول زرداری کی دعوت پر بے حس گونگی بہری حکومت کے خلاف نکل آئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کو نیند سے جگانا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت میں کسان کے لیے گندم کی قیمت ساڑھے چھ سو سے ساڑھے نوسو من مقرر کی جبکہ انکی حکومت نے کسان سے کم قیمت میں گندم خرید کر باہر کے ملک مہنگی بیچ دی۔

انہوں نے کہاکہ یوریا میں ہمارا صوبہ خود کفیل ہے جو نیچرل گیس سے بنتی ہے لیکن یہاں بحران پیدا کیا گیا۔سندھ سے افغانستان یوریا اسمگل پر حیرت نہیں ہے ان کی عقل اتنی ہی ہے ان کو صرف ایک کام آتا ہے کمانا کیسے ہے قلت کیسے کرنی ہے جب سے یہ آئے ہیں چینی کپاس ہر چیز کی قلت ہوتی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جب حکومت میں نہیں تھے تب دو لاکھ کا ٹیکس اور اب جب وزیر اعظم ہیں تو اٹھانوے لاکھ ٹیکس دیا اس کی آمدن اتنی کیسے بڑھ گئی ۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں