سندھ میں 14 سال کی حکومت کے بعد بلاول بھٹو کا اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے پہلے منصوبے کا افتتاح

ایئرکنڈیشنڈ لگژری انٹرا سٹی پیپلز بس سروس کے تحت بسیں شہر کے مختلف روٹس پر چلیں گی، بسوں پر یومیہ ہزاروں افراد سفر کر سکیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 جون 2022 23:51

سندھ میں 14 سال کی حکومت کے بعد بلاول بھٹو کا اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے پہلے منصوبے کا افتتاح
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2022ء) سندھ میں 14 سال کی حکومت کے بعد بلاول بھٹو کا اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے پہلے منصوبے کا افتتاح، ایئرکنڈیشنڈ لگژری انٹرا سٹی پیپلز بس سروس کے تحت بسیں شہر کے مختلف روٹس پر چلیں گی، بسوں پر یومیہ ہزاروں افراد سفر کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اندرون سندھ کیلئے پہلے جدید پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں اپنے 14 سالہ دور اقتدار کے دوران پہلی مرتبہ اندرون سندھ کیلئے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کروایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے منصوبے کا افتتاح کیے جانے کے بعد لاڑکانہ کے شہریوں کیلئے سستے، معیاری اور آرام دہ سفر کی سہولت کی فراہمی کیلئے ایئرکنڈیشنڈ لگژری بسیں چلیں گی۔

(جاری ہے)

منصوبے کی افتتاحی تقریب لاڑکانہ شہر میں واقع سر شاہ نواز بھٹو میموریل لائبریری کے قریب منعقد ہوئی جس میں بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، جن کو لاڑکانہ میں چلنے والی ایئرکنڈیشنڈ بسوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بسیں شہر کے نئے بس اڈے سے قائد عوام یونیورسٹی، ایئر پورٹ روڈ، سندھ یونیورسٹی کیمپس، آئی بی اے ،سچل کالونی کے روٹس، ہائیکورٹ روڈ ،ایس ایس پی آفس، شاہ نواز لائبریری اور دیگر رپورٹس پر چلیں گی اور ان علاقوں کے گردونواح میں رہنے والے شہری بھی ان ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کر سکیں گے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ ان بسوں پر یومیہ ہزاروں افراد سفر کریں گے۔       

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں