کنگا بائی پاس روڈ پر تیز رفتار کوچ الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

جمعہ 26 جنوری 2018 23:09

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) لاڑکانہ کے قریب کنگا بائی پاس روڈ پر سوات سے حیدرآباد جانے والی تیز رفتار کوچ موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق، 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں گاؤں خیروخان شر کے رہائشی نوجوان امید علی شر جاں بحق جبکہ شیر بہادر، گل محمد، شیر افضل، محمد شیر، شہزاد خان، ذاکر اللہ، عرض محمد، محمد عالم، جہان تاب، عثمان، بابر خان، محمد علی شیر سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

اطلاع ملنے پر حدود کی تھانہ پولیس نے علاقہ مکینوں کی مدد سے لاش اور زخمیوں کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ حادثے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے اضافی ڈاکٹروں اور عملے کو طلب کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ عبدالغفور کلہوڑو نے اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمیوں کی عیادت کی اور اسپتال انتظامیہ کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں